افغان صورتحال پر مودی کی اعلیٰ سطح کی میٹنگ

,

   

کابینی وزراء امیت شاہ، راجناتھ سنگھ اور قومی سلامتی مشیر کی شرکت
نئی دہلی : جنگ سے تباہ حال افغانستان کی تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کی قیامگاہ پر آج اعلیٰ سطح کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں وزیرداخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر فینانس نرملا سیتارامن اور قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوال نے شرکت کی۔ ہندوستان نے کابل میں سفارت خانہ سے اپنے عملہ کا تخلیہ کرالیا ہے۔ افغان دارالحکومت اتوار کو طالبان کے کنٹرول میں ہوگیا۔ وزیراعظم مودی تازہ صورتحال کے تعلق سے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ مسلسل ربط میں ہیں۔ اُنھوں نے گزشتہ روز دیر گئے تک صورتحال پر نظر رکھی۔ اُنھوں نے ہدایت دی کہ فضائیہ کے خصوصی طیاروں کی آمد کے سلسلہ میں معقول انتظامات کئے جائیں۔ وزیر اُمور خارجہ ایس جئے شنکر نے ٹوئٹ کیا ہے کہ کابل سے ایمبیسی اسٹاف کو ہندوستان واپس لانا مشکل عمل رہا جو مکمل ہوچکا ہے۔