کابل ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغان طالبان امریکی دستوں پر حملوں کے حوالے سے دس روزہ فائر بندی پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ان کی دوحہ میں امریکہ کے ساتھ بات چیت کامیاب رہی، تو وہ آئندہ کابل حکومت کے ساتھ بات چیت پر بھی تیار ہوں گے۔ طالبان کے دو اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ امریکہ کے ساتھ معاہدہ طے پا جانے کی صورت میں وہ افغان حکومت کے ساتھ اپنی مسلح کارروائیوں میں کمی سے متعلق مذاکرات پر بھی تیار ہوں گے۔ اسی دوران طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے آج جمعہ کے روز اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ امریکہ کے ساتھ دوحہ میں مذاکراتی رابطے تعمیری ہیں، جو ابھی چند روز تک جاری رہیں گے۔