افغان طالبان کی پہلی کامیابی روس میں سفارت کار کی تقرری کی منظوری

   

کابل : افغانستان میں حکمران طالبان کو عالمی سطح پر پہلی مرتبہ ایک ایسی کامیابی مل گئی ہے، جو انہیں اب تک حاصل نہیں ہو سکی تھی۔ روس وہ پہلا ملک بن گیا ہے، جس نے اپنے ہاں طالبان کے ایک سفارت کار کی تقرری کی اجازت دے دی ہے۔ طالبان کے اس سفارت کار کا نام جمال غاروال ہے، جو ماسکو میں افغان ناظم الامور ہوں گے۔ اس پیش رفت کی کابل میں وزارت خارجہ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ ماسکو میں افغان سفارت خانے کا انتظام بھی اب طالبان کے سفارتی نمائندے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے حال ہی میں طالبان کے اس سفارت کار کی تقرری کی منظوری دے دی تھی۔