افغان فورسز کے حملہ میں طالبان سمیت 45 افراد ہلاک

   

کابل: افغانستان کے صوبے ہرات میں چہارشنبہ کی شب افغانستان کی ایئر فورس نے ہرات میں ایک فضائی کارروائی کی تھی جس میں اطلاعات کے مطابق کم از کم 45 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ افغان حکام کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں طالبان کے اہم کمانڈر شامل ہیں۔ مشرقی صوبے ہرات کے ضلع ادرسکان کے گورنر علی احمد فقیر یار نے نیوزایجنسی رائٹرز سے گفتگو میں فضائی کارروائی کی تصدیق کی ہے جس میں ان کے بقول 45 افراد ہلاک ہوئے۔ ضلعی گورنر کے مطابق مرنے والوں میں طالبان جنگجو بھی شامل ہیں۔ضلعی گورنر کے بقول حملے میں اب تک 8 عام شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ لیکن تاحال یہ واضح نہیں کہ ہلاک ہونے والے دیگر 37 افراد میں طالبان کے جنگجو کتنے ہیں۔افغان وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ وہ عام شہریوں کی ہلاکت کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحقیقات کے نتائج عوام اور شہریوں کے سامنے لائے جائیں گے۔مقامی حکام نے فضائی حملے میں ہلاکتوں کے ساتھ بڑی تعداد میں شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔امریکہ کی افغانستان میں تعینات فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی فوج اس فضائی کارروائی میں شریک نہیں تھی۔جمعرات کو اپنے بیان میں امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ طالبان کے حالیہ حملوں میں افغان شہریوں کی ہلاکت پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔