برسلز: یورپی یونین اقوام متحدہ کی ریفیوجی ایجنسی کے 42 ہزار سے زائد افغان مہاجرین کی آبادکاری منصوبہ پر متفق نہیں ہو سکی۔ ان افغان مہاجرین کو آئندہ 5 برسوں کیلئے تحفظ کی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ کی ریفیوجی ایجنسی نے یورپی یونین سے 42.5 ہزار افغان مہاجرین کی اگلے 5 برسوں میں آباد کاری کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ یہ معاملہ یورپی یونین کی رکن ریاستوں کے آن لائن پلیٹ فارم پر زیربحث لایا گیا۔ اس پلیٹ فارم پر رکن ریاستوں کی بحث کے بعد مہاجرت کی یورپی کمیشنر الوا ڑوہانسن نے صحافیوں کو بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل کیلئے رکن ریاستوں کو مزید مناسب وعدے دینے ہوں گے۔ ریفیوجی ایجنسی (یو این ایچ سی آر) کے ہائی کمیشنر فیلیپو گرانڈی کا کہنا ہیکہ افغانستان میں حالات کی تبدیلی کے بعد 85 ہزار افراد کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق تھے اور ان کے تحفظ کی اشد ضرورت تھی۔ گرانڈی کے مطابق ان 85 ہزار میں سے نصف کی آباد کاری کی درخواست یورپی یونین سے کی گئی ہے۔اس تناظر میں یورپی کمیشنر برائے مہاجرت الوا ڑوہانسن کا کہنا ہیکہ رکن ریاستوں کا خیال ہیکہ ان افغان شہریوں کو تحفظ دینے کے دوسرے ذرائع بھی موجود ہیں اور اس تناظر میں ایک ’وسیع اپروچ‘ زیر بحث بھی لائی گئی۔ صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے اس ’وسیع اپروچ‘ کی تفصیلات بیان نہیں کی ہیں۔