افغانستان نے کشمیر معاملہ پر ایک بار پھر پاکستان کی كھنچائی کرتے ہوئے اسے ہندوستان اور پاکستان کا باہمی مسئلہ قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر اسد ماجد خان کے مسئلہ کشمیر کی وجہ سے افغانستان میں امن عمل متاثر ہونے سے متعلق بات کہے جانے کے ایک دن بعد پیر کو افغانستان حکومت نے ان کے ( خان) کے بیان کو بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔
افغانستان حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیر مسئلہ ہندوستان اور پاکستان کا باہمی مسئلہ ہے۔ ہمارا خیال ہے کہ پاکستان کا مقصد جان بوجھ کر افغانستان کو کشمیر مسئلہ سے جوڑنا اور افغانستان کی سرزمین پر جنگ و جدل کو طویل عرصہ تک کھینچنے کی کوشش ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’افغانستان کے استحکام کو اس کی طرف سے امداد یافتہ دہشت گردوں اور دہشت گرد گروپوں سے مسلسل خطرہ رہا ہے۔ یہ دہشت گرد گروپ پاکستان کی سرکاری زمین سے آپریٹ ہو رہے ہیں اور مسلسل افغانستان کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں‘‘۔
واضح رہے کہ پاکستانی سفیر نے کشمیر مسئلہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے افغانستان کا امن عمل متاثر ہو سکتا ہے۔