واشنگٹن ۔ 29 نومبر (ایجنسیز) امریکی محکمہ خارجہ نے افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والے تمام افراد کو ویزوں کا اجرا روک دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعہ کو ایکس پر ایک پوسٹ میں تصدیق کی کہ محکمہ خارجہ نے افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والے تمام افراد کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا ہے۔ امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل قریب کے لیے پناہ کی تمام درخواستوں پر فیصلے بھی روک رہے ہیں۔ ادھر امریکن سٹیزن شپ اینڈ سرویس نے پناہ گزینوں سے متعلق تمام فیصلے روک دیئے ہیں۔ ایجنسی ڈائریکٹر Joseph Edlow نے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی کی جانچ پڑتال اور زیادہ سے زیادہ حد تک اسکریننگ کو یقینی بنانے تک تمام فیصلے روک دیئے گئے ہیں۔ اس سے پہلے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ تیسری دنیا کے تمام ملکوں سے ہجرت کو مستقل طور پر روک دیا جائے گا۔ ایسے پناہ گزینوں کی قانونی شہریت منسوخ کر دیں گے جو داخلی امن کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ واضح رہے کہ بدھ کو وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کرنے والا شخص افغان شہری تھا جو 2021 میں ری سیٹلمنٹ پروگرام کے تحت امریکہ میں داخل ہوا تھا۔ اس کی فائرنگ سے ایک نیشنل گارڈ ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا۔
