افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی سے کابل میں رہائش کا بحران سنگین

   

کابل،8اگست (یو این آئی) ایران سے زبردستی واپس بھیجے جانے کے کئی ہفتے بعد بھی محمد محسن زریاب کابل میں رہنے کیلئے جگہ تلاش کر رہے ہیں، جہاں کرایوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے کیونکہ پاکستان اور ایران سے بڑی تعداد میں بیدخل کیے گئے افغان شہری شہر میں پہنچ رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے پناہ گزین ادارے کے مطابق اس سال اب تک پاکستان اور ایران سے 21لاکھ سے زائد افغان واپس آ چکے ہیں، یہ افراد پڑوسی ممالک سے جلاوطنی کی پچھلی لہروں میں شامل ہو گئے ہیں، جہاں انہیں یا تو ملک بدر کیا گیا یا گرفتاری کے خوف نے وہاں سے نکلنے پر مجبور ہونا پڑا۔بہت سے واپس آنے والے ، جیسے زریاب، تھوڑا سا سامان لیکر کابل آئے اس امید پر کہ آٹھ ملین آبادی والا یہ پھیلتا ہوا شہر ایک ایسے ملک میں روزگار کے بہتر مواقع دے گا جہاں آدھی آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔