خاطیوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑنے پر زور، سلامتی کونسل کا بیان جاری
اقوام متحدہ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کابل کے سکھ گردوارہ میں 25 عقیدتمندوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے وحشیانہ و بزدلانہ دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس قسم کے ناقابل معافی عمل کے ذمہ داروں، سرپرستوں اور سازشیوں کو جوابدہ بناتے ہوئے انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہئے۔ واضح رہیکہ افغان دارالحکومت کے مرکزی مقام پر چہارشنبہ کو سکھ گردوارہ میں انتہائی مسلح خودکش بمبار نے حملہ کیا تھا جو اس جنگ زدہ ملک میں سکھ اقلیتی برادری پر حالیہ عرصہ کا سب سے خوفناک و مہلک حملہ تھا۔ اقوام متحدہ کی 15 رکنی سلامتی کونسل نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ شوربازار علاقہ میں ہوئے اس وحشیانہ و بزدلانہ دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ حکومت افغانستان اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔