افغان یونیورسٹیوں نے خواتین کی لکھی ہوئی کتابوں کو ہٹادیا

   

کابل، 19 ستمبر (یو این آئی) افغانستان میں طالبان حکومت نے ایک نئی پابندی کے تحت یونیورسٹیوں سے خواتین کی لکھی ہوئی کتابوں کو ہٹادیا ہے۔ طالبان حکام کا اس پابندی پر اپنے مؤقف میں کہنا ہے کہ یہ شرعی اصولوں کی پالیسیوں سے مطابقت نہیں رکھتی ہیں۔ دوسری جانب برطانوی میڈیا کے مطابق طالبان نے 680 کتابوں پر پابندی عائد کی ہے جن میں خواتین کی جانب سے لکھی گئی تقریباً 140 کتابیں بھی شامل ہیں۔ اِن کتابوں میں ‘سیفٹی اِن دِی کیمیکل لیبارٹری’ جیسی کتابیں بھی شامل ہیں۔ طالبان حکومت کی جانب سے یونیورسٹیوں کو یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ مزید 18 مضامین نہیں پڑھائیں گے، یہ حکمنامہ طالبان کی جانب سے گزشتہ چار سال میں عائد کردہ پابندیوں کے سلسلے میں ایک اور قدم ہے ۔

وزیرخارجہ نیوزی لینڈ کی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت
آکلینڈ ۔ 19 ستمبر (سید مجیب کی رپورٹ) نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ ونسٹن پیٹرز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے اس ہفتہ کے آخر میں نیویارک جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے قیام کی 80 ویں سالگرہ بین الاقوامی قوانین پر مبنی نظام کی ریاست کے بارے میں عکاسی کیلئے ایک اہم لمحہ ہے جس کا نیوزی لینڈ نے طویل عرصہ سے احترام کیا ہے۔ نیویارک میں رہتے ہوئے ونسٹن پیٹرز فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ صدارت میں ہونے والی دو ریاستی حل کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ موصوف 21 ستمبر کو نیویارک کیلئے روانہ ہوں گے اور 30 ستمبر کو واپس آئیں گے۔