دوحہ : قطر میں افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے بتایا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے مذاکرات شروع کرنے کے سلسلے میں طالبان کی مذاکراتی ٹیم دوحہ پہنچ گئی ہے۔ افغان حکومت کے ساتھ براہ راست بات چیت عنقریب شروع ہوسکتی ہے۔افغانستان میں قیام امن کے لیے طالبان کی مذاکراتی ٹ?م بروز ہفتہ پانچ ستمبر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئی۔ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ افغان حکومت کے ساتھ التوا کے شکار امن مذاکرات شروع ہونے کے بہت قریب ہیں۔دوحہ میں افغان امن مذاکرات کی ابھی تک کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے تاہم متحارب فریقین نے اس ہفتے یہ اشارہ ضرور دیا کہ طالبان اور حکومتی قیدیوں کا تبادلہ مکمل کرنے کی کوششوں کے بعد بات چیت جلد شروع ہو سکتی ہے۔ سہیل شاہین کے مطابق توقع ہے کہ کچھ تکنیکی معاملات طے ہونے کے بعد مذاکرات جلد شروع ہو جائیں گے۔واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد پہلے ہی جمعے کو دوحہ پہنچ چکے ہیں۔ محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق افغان عوام تشدد میں پائیدار کمی اور ایک ایسے سیاسی حل کے لیے تیار ہیں، جو کہ جنگ کا خاتمہ کر سکے گا۔