پریاگ راج۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لاک ڈاون اور کورونا وائرس کے ضمن میں افواہ پھیلانے والوں کے خلاف پولیس نے سخت رخ اختیار کرتے ہوئے اترپردیش کے پریاگ راج میں الہ آباد یونیورسٹی طلبہ یونین کے سابق صدر اور سماج وادی لیڈر رچا سنگھ اور انکے تین حامیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے ۔پولیس ذرائع نے پیر کو بتایا کہ سابق طلبہ یونین صدر اور ان کے تین حامیوں پر الزام ہے کہ انہیوں نے سوشل میڈیا کے ذریعہ گمراہ کن اور غلط پیغامات ترسیل کئے ہیں۔ کرنل گنج پولیس تھانے میں چاروں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 144 اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔الزام ہے کہ ایس پی لیڈر نے ہفتہ کو شوسل میڈیا پر پوسٹ شئیر کیا تھا کہ حکومت نے لوگوں کو نا کے گھروں تک پہنچانے کے لئے بسوں کا انتظام کیا ہے جس کے بعد سول لائنس بس اڈے پر بھیڑ جمع ہوگئی تھی۔ رچا کیساتھ ان کے تین ساتھیوں نہا، اکھلیش اور عدنان کو بھی ملزم بنایا گیا ہے ۔وہیں ہاتھرس سے ملی ایک دیگر رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے افواہ پھیلانے والے دو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ کوتوالی پولیس اسٹیشن پر درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دو افراد نے افوہ پھیلائی ہے کہ ضلع میں بھی کورونا کے اثرات ہیں۔ پولیس ملزمین کو تلاش کررہی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ہاتھرس میں کورونا وائرس سے متاثر ابھی ایک بھی کیس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔