اقامتی اسکولس میں معیاری تعلیم اور تغذیہ بخش غذا کی فراہمی

   

Ferty9 Clinic

کریم نگر میں اسکول کی افتتاحی تقریب سے گنگولا کملاکر کا خطاب
کریم نگر۔/18جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مہاتما جیوتی باپھولے تلنگانہ بوائز ریسیڈنشیل میں زیر تعلیم بچوں کو حکومت کارپوریٹ سطح کی سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ رکن اسمبلی گنگولا کملاکر نے یہ بات کہی۔ وہ یہاں کریم نگر حلقہ اسمبلی کیلئے منظورہ اقامتی اسکول کا ایم ایل سی نارا داس لکشمن کے ساتھ مل کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب خاندانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ تغذیہ سے بھرپور غذا بھی فراہم کی جارہی ہے۔ معیاری تعلیم اور غذا ، کتب اور کاپیاں، کپڑے اور رہائش بھی مفت سربراہ کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت اقامتی اسکولس زیادہ سے زیادہ قائم کررہی ہے۔ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے تحت ہر بچہ پر ایک لاکھ 20 ہزار روپئے سالانہ خرچ کئے جارہے ہیں۔ تاحال ریاست بھر میں 119 اقامتی اسکولس کھولے گئے ہیں ۔ پہلے ان اسکولس میں داخلے کم تھے لیکن اب ان اسکولس میں دی جارہی تعلیم اور دیگر سہولتوں کو دیکھ کر بہت زیادہ تعداد میں بچے شریک ہورہے ہیں۔ ہر بچہ کودو جوڑے یونیفارم، اسپورٹس ڈریس، درسی کتب اور کاپیاں دی جارہی ہیں۔ ان اسکولس میں انگریزی کے ساتھ ڈیجیٹل طرز پر تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ اب داخلوں میں کافی مسابقت بڑھ چکی ہے کیونکہ ان اسکولس کے تعلیمی نتائج دیکھ کر والدین اپنے بچوں کو ان اسکولس میں شریک کروانے کیلئے اپنے بچوں کو لے کر آرہے ہیں۔ اس موقع پر ریجنل کو آرڈینیٹر ایم ترپت ریڈی، پرنسپل وینو گوپال اسسٹنٹ پرنسپل سرونتی، ایم پی پی واسالہ رمیش، سرپنچ پی سرینواس، سمپت راؤ ٹیچرس اور دیگر عملہ موجود تھا۔