اقامتی اسکولوں اور جونیئر کالجس میں داخلوں کیلئے اعلامیہ کی اجرائی

   

11 اپریل تک آن لائین درخواستوں کے ادخال کی سہولت
حیدرآباد۔11۔ مارچ (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت چلنے والے اسکولس اور جونیئر کالجس میں داخلہ کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ سکریٹری سوسائٹی بی شفیع اللہ کے مطابق اقامتی اسکولوں میں پانچویں کلاس اور جونیئر کالجس میں انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں داخلہ کیلئے 10 مارچ تا 11 اپریل آن لائین درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ مسلم ، کرسچن ، پارسی ، جین ، سکھ اور بدھسٹ طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے علاوہ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور او سی طبقات کے امیدوار بھی سوسائٹی کی ویب سائٹ یا موبائیل ایپ کے ذریعہ درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ 204 اقامتی اسکولوں میں پانچویں جماعت کے علاوہ چھٹویں تا آٹھویں کی مخلوعہ نشستوں پر داخلہ کیلئے درخواستیں دی جاسکتی ہیں۔ تعلیمی سال 2022-23 ء میں اسکول اور جونیئر کالجس میں داخلہ انٹرنس ٹسٹ کے ذریعہ دیا جائے گا ۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ آن لائین درخواستوں کے ادخال کا جمعرات سے آغاز ہوچکا ہے۔ طلبہ اور ان کے سرپرست اس سہولت سے استفادہ کیلئے 11 اپریل تک درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ آن لائین درخواستیں اسکول اور کالجس کے دفاتر کے علاوہ انٹرنیٹ مراکز سے داخل کی جاسکتی ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق پانچویں جماعت میں داخلہ کیلئے انٹرنس ٹسٹ 9 مئی کو ہوگا جبکہ چھٹویں تا آٹھویں جماعتوں میں داخلہ کیلئے 10 مئی اور انٹرمیڈیٹ کیلئے 21 مئی کو انٹرنس ٹسٹ رہے گا۔ اسکولوں کے نتائج 23 مئی اور جونیئر کالجس کے نتائج 6 جون کو جاری کئے جائیں گے۔ 26 مئی تا 6 جون اسکولوں اور 10 تا 20 جون جونیئر کالجس میں داخلوں کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ر