اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں معیاری غذا کی سربراہی پر حکومت کی توجہ

   

15 روزہ صفائی مہم کا فیصلہ، سمیت غذا کے حالیہ واقعات کے تدارک پر توجہ
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) محکمہ تعلیم نے ریاست کے اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں ناقص غذا کی سربراہی کے نتیجہ میں طلبہ کی صحت متاثر ہونے کے واقعات میں اضافہ پر توجہ مرکوز کی ہے۔ طلبہ کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے اور کچن میں سربراہ کی جانے والی اشیاء کے معیار کی برقراری کے سلسلہ میں باقاعدہ مہم شروع کی جارہی ہے جس کے تحت تمام اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کا احاطہ کیا جائے گا۔ طلبہ کو معیاری غذا کی سربراہی کیلئے کچن میں صفائی کے انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم نے ریاست بھر میں 15 روزہ مہم کو قطعیت دی ہے جسے صفائی مہم کا نام دیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف بیماریوں سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے بلکہ معیاری غذا کی سربراہی کے انتظامات کرنا ہے۔ حیدرآباد اور ورنگل کے ریجنل جوائنٹ ڈائرکٹرس محکمہ تعلیم کے علاوہ تمام اضلاع کے ایجوکیشنل آفیسرس کو اس مہم میں شامل کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری اور مجالس مقامی کے تحت چلنے والے اسکولوں، اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں فوری اثر کے ساتھ یہ مہم شروع کی گئی ہے۔ حالیہ عرصہ میں سرکاری اسکولوں میں مڈ ڈے میل کے تحت دیئے جانے والے کھانے کے بارے میں کئی شکایات موصول ہوئی تھیں اور طلبہ کی صحت متاثر ہونے کے معاملات منظرعام پر آئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن سری دیوا سینا نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں صفائی مہم کو قطعیت دی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ صحت و صفائی کی برقراری کے ذریعہ بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔ مڈ ڈے میل کھانے کے علاوہ ہاسٹلس میں دی جانے والی غذا کو معیاری رکھا جائے گا۔ کچن کی صفائی کے علاوہ پکوان کے طریقہ کار میں صفائی کا خیال رکھا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ اور منڈل ایجوکیشن آفیسر وقتا فوقتا اسکولوں اور ہاسٹلس کا دورہ کرتے ہوئے غذا کا معائنہ کریں گے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ موسمی امراض میں اضافہ کے پیش نظر اسکولوں اور ہاسٹلس کے طلبہ کے زیادہ متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ عہدیدار اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کے اسٹور روم میں محفوظ غذائی اجناس کے معیار کا جائزہ لیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے سمیت غذا کے واقعات میں حالیہ اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ر