اقامتی اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کا کلکٹر حیدرآباد نے جائزہ لیا

   

صحت و صفائی اور معیاری تعلیم پر توجہ کی ہدایت، مختلف ویلفیر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 19۔ جولائی (سیاست نیوز) سرکاری اقامتی اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے ضلع کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشٹی نے اقلیتی بہبود بی سی ویلفیر ، ایس سی ویلفیر اور ایس ٹی ویلفیر کے ضلعی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ضلع کلکٹر نے واضح کیا کہ اقامتی اسکولوں میں طلبہ کے لئے صحت و صفائی کے انتظامات اولین ترجیح ہونے چاہئے ۔ انہوں نے اسکولوں اور ہاسٹلس میں صحت و صفائی کے علاوہ طلبہ میں یونیفارمس کی تقسیم نوٹ بکس اور ورک بکس کے علاوہ ٹیکسٹ بکس کی سربراہی کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ طلبہ کو معیاری غذا کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ حالیہ دنوں میں سرکاری ہاسٹلس میں غیر معیاری غذا کی سربراہی سے طلبہ کی صحت متاثر ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ کلکٹر نے کہا کہ بہتر معیار تعلیم اور بہتر سہولتوں کے نتیجہ میں اقامتی اسکول کا نام روشن ہوگا اور دیگر والدین اپنے بچوں کو اقامتی اسکولوں میں داخلہ دلانے کیلئے آگے آئیں گے۔ ضلع کلکٹر نے مانسون کے آغاز کے ساتھ ہی موسمی امراض سے طلبہ کو بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ بخار ، ڈینگو اور دیگر موسمی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے طلبہ کو ضروری ادویات فراہم کی جائے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد محمد الیاس احمد، بی سی ویلفیر آفیسر جی آشنا، ایس سی ویلفیر آفیسر یادیا اور وینکٹ نائک شریک تھے۔ کلکٹر حیدرآباد نے بتایا کہ وہ کسی بھی وقت اچانک سرکاری اسکولوں اور ہاسٹلس کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کوتاہی پر کارروائی کی جائے گی۔ 1