اقامتی اسکولوں میں فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس جائیدادوں پر تقررات کی ہدایت

   


پبلک سرویس کمیشن کو دو ہفتوں کی مہلت، تلنگانہ ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ ریاست کے اقامتی اسکولوں میں فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس (PET) کے تقررات کا عمل اندرون دو ہفتے مکمل کرلیں۔ گذشتہ تین برسوں سے فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس کی 617 جائیدادیں تقرر طلب ہیں۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے سرکاری اقامتی اسکولوں اور امیدواروں کی جانب سے داخل کی گئی درخواست پر یہ فیصلہ سنایا۔ سنگل جج کے فیصلہ سے متاثر ہونے والے امیدواروں نے اس معاملہ کو ڈیویژن بنچ سے رجوع کیا۔ قبل ازیں سنگل جج نے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ نیشنل کونسل فار ٹیچرس ایجوکیشن کے قواعد کے مطابق کارروائی کریں۔ ڈیویژن بنچ نے واضح کردیا کہ حکومت کا استدلال ناقابل قبول ہے لہذا اسے مسترد کیا جاتا ہے۔ سنگل جج نے اپنے احکامات میں حکومت کی جانب سے ماہرین کی کمیٹی کی تشکیل اور پبلک سرویس کمیشن کو نیشنل کونسل فار ٹیچرس ایجوکیشن کے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کا مشورہ دیا تھا۔ حکومت کی جانب سے پبلک سرویس کمیشن کی تائید پر عدالت نے ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ احکامات کے باوجود کمیشن نے تقررات کا عمل شروع نہیں کیا۔ حکومت کو نئے تقررات کی ضرورت نہیں ہے اسے اب تک کئے گئے تقررات کے عمل کا جائزہ لینا چاہیئے۔ عدالت نے اندرون دو ہفتے تقررات مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کیلئے فزیکل ایجوکیشن ٹیچرانٹر میڈیٹ تک تعلیم یافتہ ہو اور فزیکل ایجوکیشن میں ڈپلوما ہولڈر ہو۔ نویں اور دسویں جماعت کیلئے فزیکل ایجوکیشن ٹیچر گریجویشن تک تعلیم کے علاوہ ریاستی سطح کے یا ضلعی سطح کے اسپورٹس اینڈ گیمس مقابلوں میں حصہ لینے کا ریکارڈ رکھتا ہو۔