اقامتی اسکولوں کے فنڈس کی گرین چیانل سے اجرائی کے اقدامات : وزیر اقلیتی بہبود

   

اندرون 4 ماہ مسائل کی یکسوئی، اقامتی اسکولس ملک کیلئے رول ماڈل
حیدرآباد۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود لکشمن کمار نے کہا کہ آئندہ 4 ماہ میں اقامتی اسکولوں کے مسائل کی یکسوئی کردی جائے گی اور ہر ماہ اسکولوں کے لئے منظورہ فنڈس گرین چیانل کے ذریعہ جاری کئے جائیں گے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اقلیتی اقامتی اسکولوں کے ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق مسئلہ کی یکسوئی کا اعلان کیا اور کہا کہ بعض تکنیکی دشواری کے سبب ٹیچرس کی تنخواہوں میں کمی درج کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولوں کی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے انہیں مثالی اسکولوں میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کمزور طبقات کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے انٹی گریٹیڈ اقامتی اسکولس کامپلکسوں کی تعمیر کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ تلنگانہ کے اقامتی اسکول ملک میں رول ماڈل بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ضلع کلکٹرس کی قیادت میں کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں ماہرین تعلیم اور اولیائے طلبہ کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وقفہ وقفہ اقامتی اسکولوں میں شب بسری کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں۔ ہر ضلع کلکٹر کو ہنگامی طور پر ضرورتوں کی تکمیل کے لئے ایک کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی اسکالرشپس، ڈائیٹ چارجس اور ملازمین کی تنخواہوں جیسے مسائل کو جلد ہی حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقامتی اسکولوں کو ذاتی عمارتوں میں منتقل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے فنڈس حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کے اقامتی اسکولوں کی بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے سینئر آئی اے ایس عہدیدار کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی اقامتی اسکولوں کے ملازمین کے تنخواہیں اندرون دو یوم جاری کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 24 مختلف کیڈرس میں سے 18 کیڈرس کے ملازمین کی تنخواہیں جوں کی توں برقرار ہیں۔ 1