تعلیمی نصاب اور معیار بہتر بنانے ٹیچرس اور اساتذہ کی تربیت
حیدرآباد۔یکم اکتوبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی حیدرآباد (IIT-H) کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں تاکہ اقامتی اسکولوں کے نصاب اور تعلیمی معیارکو بہتر بنانے کے علاوہ عصری لیباریٹری کے قیام ، فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرامس کے انعقاد اور طلبہ کیلئے ورکشاپس کے اہتمام میں باہمی اشتراک کو یقینی بنایا گیا ۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ آئی ایف ایس اور پروفیسر بی ایس مورتی ، ڈائرکٹر آئی آئی ٹی حیدرآباد نے آج یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ۔ سوسائٹی کو امید ہے کہ اس معاہدہ سے تعلیمی پروگراموں میں شاندار مظاہرے اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ آئی آئی ٹی حیدرآباد طلبہ میں تعلیم کے رجحان کے فروغ کے علاوہ لیابس کے قیام اور ریسرچ میں مددگار ثابت ہوگا۔ بی شفیع اللہ نے کہا کہ معاہدہ سے ٹیچنگ اسٹاف کے تدریسی معیار میں اضافہ ہوگا جس کے لئے مختصر مدتی اور طویل مدتی سرٹیفکٹ کورسس منعقد کئے جائیں گے ۔ آئی آئی ٹی کے فیکلٹی اقامتی اسکول سواسئٹی کے اداروں کا دورہ کرتے ہوئے ضروری رہنمائی کریں گے ۔ عصری تعلیم کے موضوع پر خصوصی لکچرس کے ذریعہ تدریسی اسٹاف کو بہتر تعلیم کی فراہمی میں رہنمائی کی جائے گی ۔ آئی آئی ٹی کی جانب سے ورکشپ ، کانفرنسس اور پرسنل ڈیولپمنٹ پروگرامس کے سلسلہ میں ضروری مشورے حاصل ہوں گے۔ معاہدے سے سوسائٹی کے اسکولس کی فیکلٹی اسٹاف اور طلبہ کو مختلف شعبوں میں کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔