اقامتی اسکول سوسائٹی کے اداروں کے انٹرنس نتائج جاری

   

داخلوں کا عمل جلد شروع ہوگا، سکریٹری بی شفیع اللہ کا بیان
حیدرآباد۔10 مئی (سیاست نیوز) سکریٹری تلنگانہ اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ اقامتی اسکولوں کی پانچویں کلاس اور چھٹویں تا آٹھویں کلاسس میں مخلوعہ نشستوں پر بھرتی اور اقامتی جونیئر کالجس کے فرسٹ ایئر میں داخلے کے لیے منعقدہ انٹرنس ٹسٹ کے نتائج جاری کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے انٹرنس میں کامیاب طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو تعلیمی سال 2019-20 میں داخلے کے لیے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں داخلے کے لیے 5471 طلبہ نے انٹرنس امتحان میں شریک ہوئے جن میں سے 843 کا انتخاب کیا گیا۔ ایس ایس سی نتائج کے اعلان کے بعد جونیئر کالجس میں داخلے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ پانچویں کلاس میں داخلے کے لیے 27071 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی جن میں 11359 طلبہ کا انتخاب کیا گیا اور ان کے داخلوں کا عمل جاری ہے۔چھٹویں، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں میں مخلوعہ نشستوں کے لیے 5470 امیدواروں نے انٹرنس میں شرکت کی جن میں اقلیتی طبقے کے زمرے سے 3948 امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا۔ ایسے طلبہ جن کا انتخاب عمل میں آچکا ہے ان کے سرپرستوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ اسکولس سے رجوع ہوں۔ انٹرمیڈیٹ میں داخلوں کا عمل ایس ایس سی نتائج کے بعد شروع کیا جائے گا۔ تاہم منتخب امیدواروں کی فہرست متعلقہ جونیئر کالجس کو روانہ کردی گئی ہے۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کی ویب سائٹ پر نتائج دیکھے جاسکتے ہیں۔