کھمم میں واقعہ ،اساتذہ اور سرپرستوں میں تشویش کی لہر
حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال اگرچہ مجموعی طور پر قابو میں ہے لیکن اقامتی اسکولس و ہاسٹلس میں طلبہ کورونا سے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ کھمم وائرا میں لڑکیوں کے اقامتی اسکول میں کورونا کیسس سے تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اسکول کی 13 طالبات میں پازیٹیو پایا گیا جس سے طلبہ و اساتذہ میں دہشت کا ماحول دیکھا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں کی خصوصی ٹیم نے طالبات کے معائنہ کے انتظامات کئے ہیں۔ متاثرہ طالبات کو علاج کیلئے آئسولیشن میں منتقل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ طالبات میں کورونا علامات پر تمام کا ٹسٹ کیا گیا جس میں 13 پازیٹیو پائے گئے۔ متاثرہ لڑکیوں کو اسکول کے ایک علحدہ گوشہ میں منتقل کرکے آئسولیشن میںعلاج شروع کیا گیا ۔ متاثرہ طالبات کے والدین کو اطلاع دیدی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکام نے باقی طالبات کے علاوہ اساتذہ اور دیگر اسٹاف کے ٹسٹ کے انتظامات کئے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد سے کئی سرپرستوں نے اسکول پہنچ کر معلومات حاصل کیں۔ اس واقعہ سے ضلع کے دیگر اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کے طلبہ میں بے چینی پائی جاتی ہے اور حکام دیگر اسکولوں میں بھی کورونا ٹسٹ کی تیاریاں کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ ضلع کھمم ابتداء ہی سے کورونا کیسس میں آگے رہا ہے۔ ر