اقامتی اسکول کی 67 طالبات سمیت غذا سے متاثر

,

   

حیدرآباد۔/6جنوری، ( سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کے چیوڑلہ منڈل کے ایک اقامتی اسکول کی 67 طالبات امکانی سمیت غذا سے متاثر ہوگئیں اورا نہیں دواخانہ میں شریک کرنا پڑا ۔تفصیلات کے بموجب گورنمنٹ کستوربا اقامتی اسکول کی طالبات نے آج صبح پیٹ میں تکلیف اور قئے وغیرہ کی شکایت کی تھی ۔ متاثرہ طالبات کو اسکول انتظامیہ نے فوری مقامی سرکاری دواخانہ منتقل کیا تاکہ انہیں ابتدائی طبی امداد دی جاسکے۔ اسی دوران 20 طالبات کی حالت مزید بگڑ گئی جس کے نتیجہ میں اسکول کے حکام نے انہیں بہتر علاج کیلئے حیدرآباد کے نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہفتہ کی شب کھانے کے بعد ان طالبات کو فروٹ سلاڈ بھی دیا گیا تھا اور یہ کھانے سے فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے۔ انسپکٹر چیوڑلہ مسٹر گروایا گوڑ نے بتایا کہ اسکول انتظامیہ مبینہ لاپرواہی کی تحقیقات کی جارہی ہے اور بعد تحقیقات اس سلسلہ میں کارروائی کی جائے گی۔ اسی دوران متاثرہ طالبات کے والدین نے اقامتی اسکول انتظامیہ پر لاپرواہی کا الزام عائد کرکے احتجاج کیا اور خانگی دواخانہ میں علاج کرانے کا مطالبہ کیا۔