اقامتی جونیئر کالجس کے 65 طلبہ ایمسٹ میں کوالیفائی

   

نامور کالجس میں داخلہ یقینی، بی شفیع اللہ کا بیان
حیدرآباد: سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ اقلیتی اقامتی جونیئر کالجس کے 65 طلبہ ایمسٹ 2020 ء میں اعلیٰ نشانات کے ساتھ کوالیفائیڈ ہوئے ہیں۔ جاریہ سال 65 طلبہ میں 51 بوائز اور 14 گرلز نے کارپوریٹ کالجس کے طلبہ کے مماثل انٹرنس میں شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ ٹاپ رینک حاصل کرنے والے طلبہ میں شیخ کرشمہ (اقلیتی جونیئر کالج نلگنڈہ) اور محمد عبدالحسن (کاما ریڈی) شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کے درمیان طلبہ کو آن لائین کلاسس کے ذریعہ بہتر فیکلٹیز نے کوچنگ فراہم کی تھی۔ شفیع اللہ نے بتایا کہ تمام 65 طلبہ کو کنوینر کوٹہ کے تحت نامور کالجس میں داخلہ مل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جے ای ای مینس میں حصہ لینے والے 18 طلبہ میں سے 4 طلبہ نے شاندار نتائج حاصل کئے۔ اقامتی جونیئر کالج ناگارم ضلع نظام آباد کے طالب علم اے نکھل آئی آئی ٹی میں داخلہ کے اہل قرار پائے ہیں۔ حکومت کے مشیر اور اقامتی اسکول سوسائٹی کے صدر اے کے خاں نے شاندار مظاہرہ پر طلبہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کالجس کے پرنسپل ، لکچررس اور سپورٹنگ اسٹاف کی ستائش کی۔ شفیع اللہ نے بتایا کہ جاریہ تعلیمی سال سے 67 اقامتی اسکولوں کو جونیئر کالجس میں اب گریڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اقلیتی طلبہ سے جونیئر کالجس میں داخلہ حاصل کرنے کی اپیل کی۔