طلباء کے مسائل سے واقفیت، ذمہ داران کو مختلف احکامات
یلاریڈی۔/21 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلا ریڈی مستقر کے سوشیل ویلفیر بوائز گوروکل اسکول رہائشی ہاسٹل میں ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے جمعہ کی رات کو شب بسری کرتے ہوئے طلباء کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ طلباء کو علم کے زیور سے آراستہ ہوکر اپنا مستقبل بنانے کا مشورہ دیا اور اعلیٰ عہدوں پر فائز ہونے کیلئے ابھی سے خوب محنت کرنے کو کہا۔ ضلع کلکٹر نے اسکول ذمہ داروں کو احکام دیئے کہ وہ ایک لاکھ روپئے مالیتی سائینس میٹریل کی خریدی کریں۔ انہوں نے طلباء کے ساتھ مل کر پودوں کی شجرکاری کی۔ طلباء کو عمدہ اور تغذیہ بخش غذا فراہم کرنے کے احکامات دیئے۔ طلباء کے ساتھ مل کر کھانا بھی کھایا۔ اس موقع پر یلاریڈی آر ڈی او پربھاکر ، تحصیلدار مہیندر کمار، میونسپل کمشنر سری ہری راجو، اسکول اساتذہ اور دوسرے موجود تھے۔