’’اقبال اور عشق رسول ؐ ‘‘پر مختلف شخصیتوں کا خطاب
جدہ ۔25 اکٹوبر (پریس نوٹ) اقبال اکیڈمی جدہ کے زیرِ اہتمام جمعرات 23 اکٹوبر 2025 کو محفل بعنوان ’’اقبال اور عشقِ رسول ‘‘ نہایت تزک و احتشام سے منعقد ہوئی، جس میں جدہ کی علمی، ادبی اور مذہبی شخصیات اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران سید افضل الدین، عبید الرحمان، حافظ محمد عبد السلام، میر عارف علی، عارف قریشی، تاشفین سید، اطہر عباسی اور مبصرالاعظم سمیت بیرونِ ممالک سے بھی عشاقانِ اقبال نے آن لائن شرکت کی۔تقریب کا آغاز حافظ ہدایت اللہ توصیف خان کی پرسوز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ کمسن طلبہ عبدالسمیع اقبال اور عبدالمجیب اقبال نے حمدیہ کلام اقبال پیش کیا۔بعد ازاں حماد شہزاد خان، مظہر فاروق علی اور رحمت اللہ توصیف خان نیعلامہ اقبال کا نعتیہ کلام بطورِ کورَس پیش کر کے سامعین کے دلوں کو گرما دیا، جبکہ عبدالسمیع اقبال نے ایک خوبصورت انفرادی کلام اقبال پیش کر کے داد و تحسین حاصل کی۔مشیر اعلی اقبال اکیڈمی جدہ جناب محمد شمیم کوثر نے اپنے استقبالیہ خطاب میں صدرِ محفل، مہمانِ خصوصی، معزز مہمانانِ گرامی اور تمام شرکائے محفل کو خوش آمدید کہا اور اکیڈمی کے پروگرامس پر روشنی ڈالی۔مہمانِ خصوصی جناب سید شاہ من اللہ علوی شطاری نے اپنے خطاب میں ’’قوتِ عشق‘‘کی برتری پر گفتگو کی۔انہوں نے فرمایا کہ عقل اور جسم کی طاقت محدود ہے، لیکن قوت عشق وہ ہے جو انسان کو پستی سے اٹھا کر بلندیوں تک پہنچا دیتی ہے۔انہوں نے مثالوں کے ذریعے واضح کیا کہ عشقِ الٰہی اور عشقِ مصطفی ؐ ہی وہ سرچشمہ ہے جس سے انسان کو قربِ الٰہی نصیب ہوتا ہے۔مزید یہ کہ انہوں نے علامہ اقبال کے بچپن کے واقعات پیش کرتے ہوے تربیتِ اولاد کے حوالے سے بھی نکات پیش کیے، کہ بچوں کے دلوں میں محبت رسولؐ اور اخلاقِ نبوی ؐ کی روشنی پیدا کرنا ہی ان کی اصل تربیت ہے۔بعد ازاں محمد آصف (رکنِ اقبال اکیڈمی جدہ) نے کلامِ اقبال سے ایک خوبصورت نظم پیش کی، جب کہ اطہر نفیس عباسی (عالمی اردو مرکز جدہ) نے علامہ اقبال کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس باوقار علمی محفل اقبال کے صدر جناب سید وحید القادری عارف نے اپنے وقیع صدارتی خطاب میں علامہ اقبال کی فکری و روحانی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر جامع روشنی ڈالی۔انہوں نے کلامِ اقبال سے متعدد فارسی اشعار پیش کیے اور ان کی تشریح کے ذریعہ اقبال کے تصوف، عشقِ رسول ؐ کو نہایت دلنشین انداز میں بیان کیا۔ اختتامی کلمات جناب سید عبدالوھاب قادری (معتمد اقبال اکیڈمی جدہ) نے ادا کیے۔انہوں نے ابتدائی کلمات میں علامہ اقبال کے کلام کا مختصر حوالہ دیتے ہوئے ایمان کی تکمیل کے لیے عشقِ رسولؐ کو بنیادی شرط قرار دیا اور معززین وحاضرینِ محفل، مقررین، اراکین و میڈیا ٹیم اور منتظمین کا دلی شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے فرائض جناب محمد فہیم الدین (نائب صدر و معتمد عمومی اقبال اکیڈمی جدہ) نے انجام دیئے۔ انہوں نے اقبال اکیڈمی جدہ و حیدرآباد کی علمی و ادبی سرگرمیوں، فکری مشن اور تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی اور اقبال اکیڈمی کے منشور کو مؤثر انداز میں پیش کیا، جس کا مقصد نوجوان نسل میں فکرِ اقبال، خودی، ایمان اور عشقِ رسولؐ کے پیغام کو عام کرنا ہے۔محفل کا اختتام دعائے خیر اور عشائیے پر ہوا، جس میں تمام شرکائے محفل نے شرکت کی۔یہ بابرکت پروگرام اقبال اکیڈمی جدہ کی میڈیا ٹیم محمد آصف، عبدالرحمان عرفان اور شفیع خان کے تعاون سے یوٹیوب چینل ‘‘Iqbal Academy Jeddah” پر براہِ راست نشر کیا گیا، جسے دنیا بھر کے ناظرین نے پسند کیا اور سراہا۔ خصوصاً صدر اقبال اکیڈمی حیدرآباد جناب ضیاء الدین نیّر، صدر اقبال اکیڈمی جدہ جناب سید محمود ہاشمی، اور امریکہ سے ایگزیکٹو ممبر محمد عبدالمجیب صدیقی اور دبئی سے جناب عبدالحق ہاشم سمیت متعدد ممتاز شخصیات نے آن لائن شرکت کر کے اپنے قلبی تاثرات پیش کیے۔ محفل کے انصرام میں اراکین اکیڈمی مرتضی شریف صابر، محمد معراج علی، توصیف خان، محمد ریاض احمد، سلمان جبران، فتح الدین فہیم اور فراز علی نے بھر پور تعاون کیا۔ محفل ہر لحاظ سے اقبال اکیڈمی جدہ کے فکری و روحانی مشن اور تعلیمی خدمات کا عملی مظہر ثابت ہوئی۔