اقبال مرچی کی کروڑوں روپئے کی جائیداد ضبط

   

ممبئی : انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے ساتھی اقبال مرچی کے خاندان کو بڑاجھٹکاپہنچا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کیس میں اقبال مرچی کی کروڑوں روپے کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ ضبط کی گئی جائیدادوں میں دہلی دربار ہوٹل کے قریب ممبئی کے کھیت واڑی علاقے میں پٹے باپورا مارگ پر پرائم پلاٹ نمبر 998 بھی شامل ہے۔ای ڈی کا کہنا ہے کہ مرچی کے خاندان نے ان جائیدادوں کو تیسرے فریق کے نام منتقل کرنے کی کوشش کی تھی تاکہ ان کے خلاف کارروائی سے بچا جا سکے۔ یہ کارروائی آئی پی سی، آرمس ایکٹ، این ڈی پی ایس ایکٹ جیسی سنگین دفعات کے تحت درج مقدمات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں مرچی اور دیگر ملزمین شامل تھے۔80 اور 90 کی دہائی میں اقبال مرچی داؤد ابراہیم کے ساتھ مل کر منشیات اور دیگر سامان اسمگل کرتا تھا۔ 80 کی دہائی میں فرار ہو کر یو اے ای چلا گیا اور بعد میں برطانیہ چلا گیا لیکن اس کی اسمگلنگ کی سرگرمیاں جاری رہیں۔
اقبال مرچی کی موت کے بعد اس کے بیٹوں آصف اور جنید نے اس کا غیر قانونی کاروبار سنبھال لیا اور منشیات کی اسمگلنگ جاری رکھی۔ای ڈی کی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ مرچی نے منشیات کے کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم سے کئی جائیدادیں خریدی تھیں۔انکی وفات کے بعد یہ جائیدادیں ان کے بیٹوں اور اہلیہ کے نام منتقل کر دی گئیں۔ای ڈی نے ممبئی کے گرگام میں واقع نیو روشن ٹاکیز نام کی ایک جائیداد کو بھی ضبط کیا، جسے مرچی کے بہنوئی مختار چلاتے تھے۔ پی ایم ایل اے کے تحت کی گئی تحقیقات میں یہ جائیداد عارضی طور پر ضبط کی گئی تھی، تاہم اپیلٹ ٹریبونل نے اس پر مزید کارروائی روک دی۔