اقتدار کا فارمولہ:روسی صحافی کی صدر اردغان کے بارے میں دستاویزی فلم

   

ماسکو: روسی صحافی اور تاس خبر رساں ایجنسی کے نائب ڈائریکٹر میخائل گسمان نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان کے بارے میں ایک دستاویزی فلم تیار کی ہے ۔تاس اور رشیہ۔24 کی پروڈکشن میں تیار ہونے والی اس دستاویزی فلم کی نمائش ماسکو میں ترکیہ کے سفارت خانے میں کی گئی۔نمائش میں روس کے نائب وزیر خارجہ الیگزینڈر گرشکو، ماسکو میں ترکیہ کے سفیر مہمت سامسار، تاس خبر رساں ایجنسی کے ڈائریکٹر سرگے میخائلوف اور غیر ملکی سفارتی نمائندوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔’’فارمولہ ولاستی‘‘یعنی اقتدار کا فارمولہ نامی اس فلم میں روسی صحافی گسمان نے صدر اردغان کے بچپن سے حالِ حاضر تک کی سوانح حیات، سیاست میں ناموری، کامیابیوں، اقتدار کے ادوار کی خدمات، اور قبل ازیں ان کے ساتھ کئے گئے 4 انٹرویو میں سے ویڈیو مناظر کو جگہ دی ہے ۔دستاویزی فلم میں، جمہوریہ ترکیہ وزارت مواصلات کے زیرِ انتظام روسی زبان میں ترجمہ کی گئی، صدر اردغان کی ’’ زیادہ عادل دنیا ممکن ہے‘‘ نامی کتاب کو بھی جگہ دی گئی ہے ۔ کتاب سے اہم اکتسابات کو فلم کا حصہ بنا کر صدر اردغان کی آراء کی طرف توجہ مبذول کروائی گئی ہے ۔فلم کی نمائش کے بعد گسمان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ “صدر اردغان ایک عظیم سیاست دان ہیں۔ ایسا لیڈر ہونے کی وجہ ترکیہ ایک مسرور ملک ہے ۔ وہ نہ صرف ایک عظیم سیاست دان ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک عظیم شخصیت کے بھی مالک ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ صدر اردغان، جدید دنیا کی تفہیم کے اہل نہایت اعلی درجے کے اسٹریٹجک افکار کے مالک سیاسی تجزیہ نگار ہیں۔ اس وقت بحیثیت لیڈر کے صدر اردغان کا کردار صرف ترکیہ میں ہی نہیں دنیا بھر میں بھی نہایت درجے اہمیت کا حامل ہے ۔