اقتدار کیلئے بی جے پی مجرمین کا ساتھ لے گی : یچوری

   

نئی دہلی 25 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے آج بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ہریانہ میں حکومت تشکیل دینے ملزم رکن اسمبلی گوپال کاندا کی تائید حاصل کر رہی ہے ۔ یچوری نے کہا کہ بی جے پی کسی بھی صورت میں اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ گوپال کاندا کی کمپنی کی ایک سابق ائر ہوسٹیس نے 2012 میں خود کشی کرلی تھی اور کاندا پر ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا ۔ پولیس نے اپنی تحقیقات میں رکن اسمبلی پر عصمت ریزی اورخود کشی کیلئے مجبور کرنے کا الزام عائد کیا تھا ۔ یہ مسئلہ عدالت میں زیر دوران ہے ۔ کاندا ہریانہ لوک ہت پارٹی کی نمائندگی کرتے ہیں اور متعلق اسمبلی میں انہوں نے بی جے پی کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ سیتارام یچوری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مجرمین کے ساتھ جائے گی ۔ جن افراد کے خلاف سنگین نوعیت کے الزامات ہیں ان کی تائید بھی حاصل کی جائے گی ۔ اس طرح کے افراد کے ذریعہ اقتدار حاصل کیا جائیگا ۔ اقتدار ملنے پر اپنے حاشیہ برداروں کی مدد بھی کی جاتی ہے ۔