اقتدار کی تبدیلی کے لیے سازگار ماحول ، امن و امان کی بنیاد پر ووٹ مانگنے کا حق نہیں

   

’ جاگو تلنگانہ ‘ کے نام سے شعور بیداری مہم ، ضلعی سطح پر یونیورسٹی طلبہ کی عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔18 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں اقتدار کی تبدیلی کے سلسلہ میں جاری کوششوں کا حصہ محض سیاسی جماعتیں نہیں ہیں بلکہ ملک بھر میں خدمات انجام دینے والی غیر سرکاری تنظیموں کے علاوہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے کام انجام دینے والی تنظیمیں بھی ریاست تلنگانہ میں سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بنی ہوئی ہیں جو کہ ریاست میں مستحکم حکمرانی اور تلنگانہ عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے خدمات انجام دینے کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے ذمہ داروں سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے مطالبات ان کے حوالہ کرنے کے اقدامات میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد میں یونیورسٹی طلبہ ‘ سرکاری ملازمین ‘ گزیٹیڈ آفیسرس ‘ نان گزیٹیڈ آفیسرس ‘ اساتذہ برادری کے علاوہ دانشوران کی جانب سے زمینی حقائق کا مشاہدہ کرنے کے لئے ’جاگو تلنگانہ ‘ کے نام سے شروع کی گئی مہم کے دوران اب ریاست تلنگانہ میں درکار سہولتوں اور انہیں بہتر بنانے کے اقدامات کے لئے کی جانے والی کاروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں حلقہ واری اساس پر ان گروپس کی جانب سے جاری سرگرمیوں کے دوران عوام حکومت کی ناکامیوں کے متعلق ان گروپس کو واقف کرو ا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اقتدار کی تبدیلی کے لئے سازگار ماحول موجود ہے لیکن بھارت راشٹرسمیتی کے 9 سال میں کسی بھی طرح کی کوئی بدنظمی نہ ہونے کو بنیاد بناتے ہوئے یہ کہا جار ہاہے کہ ریاست تلنگانہ میں علاقائی سیاسی جماعت کو مستحکم رکھا جائے لیکن ریاست بھر میں موجود مخالف حکومت طبقہ کی جانب سے یہ ادعا پیش کیا جا رہاے کہ ریاست میں امن و امان کی برقراری کی بنیاد پر ووٹ مانگنے کا حق نہیں دیا جانا چاہئے بلکہ امن و امان کی برقراری کے علاوہ ترقیاتی پراجکٹس پر عمل آوری اور ان کی تکمیل کے سلسلہ میں تیار کردہ منصوبوں کو بنیاد بنانے کے لئے غیر سرکاری تنظیموں اور سماجی کارکنوں کی جانب سے عوام میں شعوراجاگر کیا جا رہاہے ۔ریاست کی جامعات بالخصوص جامعہ عثمانیہ ‘ شاتاواہنا ‘ تلنگانہ یونیورسٹی کے طلبہ نے بھی ریاست کے دیہی علاقوں میں عوام سے ملاقاتوں کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دیہی عوام کو زمینی حقائق سے واقف کروایا جاسکے۔

تحریک تلنگانہ کی جدوجہد کے دوران قربانی دینے والے نوجوانوں کے خاندانوں نے بھی تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے دوران عوام میں شعور اجاگر کرنے اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔