نئی دہلی ۔ 30ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے حکومت اُترپردیش کو آج شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ اُس نے ایک ایسی طالبہ کی تائید میں نکالے گئے پارٹی کے جلوس کو روک دیا جس نے سابق مرکزی وزیر چنمیانند پر عصمت ریزی کا الزام عائد کیا ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری نے بی جے پی حکومت پر اقتدار کے تکبر میں جمہوریت کو پامال کرنے کا الزام عائد کیا ۔ اُترپردیش پولیس کو جلوس روکنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہاکہ پارٹی کے قائدین بشمول سابق مرکزی وزیر جتن پرساد کو ضلع شاہجہاں پور کے سرحد کے پاس حراست میں لے لیا گیا ۔ اپوزیشن پارٹی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر کہا کہ کانگریس قائدین نے طالبہ کی تائید میں شاہجہاں پور سے لکھنو تک 180 کیلومیٹر مارچ کامنصوبہ بنایا تھا۔