آمدنی کیلئے شراب کی فروخت، کودنڈا رام اور چندر شیکھر ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد ۔6۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام اور تلگو دیشم پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کو غرور و تکبر کا مجسمہ قرار دیا اور کہا کہ اقتدار کے نشہ میں کے سی آر اپوزیشن کو کمزور تصور کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ چیف منسٹر نے کل پریس کانفرنس میں اپوزیشن کے بارے میں جس زبان کا استعمال کیا ہے ، وہ تلنگانہ عوام کی توہین کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کو چھپانے کیلئے اپوزیشن پر جوابی حملہ کرنا چیف منسٹر کی عادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے کورونا وائرس سے نمٹنے اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب خاندان کے تحفظ کے سلسلہ میں آواز اٹھائی ۔ حکومت کی جانب سے اعلان کی گئی امداد غریبوں تک نہیں پہنچی ہے۔ ہائی کورٹ نے بھی صرف سفید راشن کارڈ والوں کو امداد فراہم کرنے پر اعتراض جتایا ہے ۔ اپوزیشن کی جانب سے غلطیوں کی نشاندہی کے سی آر کو برداشت نہیں۔ کودنڈا رام نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے ولے افراد کے رول کو کمتر دکھانے کی کے سی آر کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر گورنر سے نمائندگی کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے ۔ اس پر چیف منسٹر کو اعتراض کیوں۔ کودنڈا رام نے کہا کہ آمدنی میں اضافہ کیلئے شراب کی فروخت کی اجازت افسوسناک ہے۔ انہوں نے غریبوں کو فی خاندان پانچ ہزار روپئے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ شراب کی فروخت کے ذریعہ حکومت غریبوں پر زائد بوجھ عائد کر رہی ہے ۔ تلگو دیشم کے پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی نے اپوزیشن کے خلاف چیف منسٹر کے ریمارکس کو افسوسناک قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام عوامی مسائل پر حکومت کی توجہ مبذول کرانا ہے لیکن کے سی آر اپوزیشن کو دستوری حق سے محروم کرنا چاہتے ہیں ۔