اقتصادی معاملات پر عمران خان حکومت ناکام :سابق وزیرخارجہ

   

لاہور، 11فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے لیڈر اور سابق وزیر خارجہ خواجہ محمود آصف نے وزیراعظم عمران خان پر اقتصادی معاملات سے نمٹنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں سے ملک میں اقتصادی بحران بڑھ رہا ہے ۔مسٹر آصف نے کل ایک پروگرام میں کہاکہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے لیڈر شہباز شریف کو پبلک اکاونٹس کمیٹی (پی اے سی)کے صدر کے عہدہ سے ہٹانے سے حالات مزید بدتر ہوجائیں گے ۔ خیال رہے کہ مسٹر شریف کے استعفی کا مطالبہ پی ٹی آئی لیڈر اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر زرتاج گل نے لاہور میں ایک پروگرام میں کیا تھا۔پنجاب صوبہ کے پی ٹی آئی لیڈر عبدالعلیم خان کو حال ہی میں بدعنوانی کے الزام میں قومی احتساب بیورو نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ اسی طرح کے الزامات کا سامنا کررہے مسٹر شریف فی الحال بیورو کی حراست میں ہیں اور قومی اسمبلی اسپیکر کی طرف سے جاری ہدایات کے بعد پی اے سی کی میٹنگوں میں حصہ لیتے ہیں۔پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے سیاسی مشیر نعیم الحق نے لاہور میں اتوار کو کہا کہ حکومت مسٹر شہباز کو پی اے سی کے سربراہ کے عہدہ پر اسی شرط پر رہنے کی اجازت دیگی جب وہ اپنے سلوک کے بارے میں ایک تحریری یقین دہانی کرائیں۔مسٹر آصف نے یہ بھی کہاکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے مسٹر خان پر کوئی دباو ہو کیونکہ بالوکی میں ایک پروگرام میں انہوں نے ہفتہ کو کہا تھا کہ ان کی حکومت بدعنوان لیڈروں کے بارے میں کوئی نرمی نہیں برتے گی۔