اقتصادی پالیسیوں سے عدم مساوات میں اضافہ:کانگریس

   

نئی دہلی، 5 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ یہ پالیسیاں مرکزیت پر مبنی ہیں، اس لیے ملک میں اقتصادی عدم مساوات تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ کانگریس کے مواصلاتی محکمہ کے انچارج جے رام رمیش نے اتوار کے روز یہاں ایک بیان میں کہا کہ ملک کی معیشت تیزی سے مرکزیت کی طرف بڑھ رہی ہے ، جس کے نتیجے میں سماج کا ایک طبقہ انتہائی امیر ہوتا جا رہا ہے جبکہ دوسرا طبقہ اتنا ہی غریب ہوتا جا رہا ہے ۔ یہ صرف ہمارا کہنا نہیں بلکہ ہندوستان کی معیشت سے متعلق تقریباً ہر رپورٹ اس کی تصدیق کر رہی ہے ۔ یہ رپورٹس ہمیں ملک میں دولت کے بڑھتے ہوئے سنٹرلائزیشن سے خبردار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ”ایک طرف کروڑوں ہندوستانی روزمرہ کی ضروریات کی تکمیل کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، تو دوسری طرف صرف 1687 افراد کے پاس ملک کی آدھی دولت ہے ۔ مودی حکومت کی پالیسیوں سے پیدا ہونے والا یہ دولت کا سنٹر لائزیشن ملک میں شدید اقتصادی عدم مساوات پیدا کر رہا ہے ۔ یہ عدم مساوات وسیع سماجی عدم تحفظ اور ناراضگی کو جنم دے رہا ہے ۔
دیگر ممالک کی حالیہ مثالیں گواہ ہیں کہ یہی سنگین اقتصادی نابرابری اور کمزور جمہوری ادارے سیاسی انتشار کے محرک بنے ہیں۔ حکومت ہندوستان کو بھی اسی راستے پر دھکیل رہی ہے ۔”