حیدرآباد 20 جولائی ( سیاست نیوز ) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج میڈیا کو اقدار پر مبنی اور آزاد صحافت کے معیارات کو گرانے کے خلاف خبردار کیا ہے اور صحافت سے خواہش کی کہ وہ درست اور با مقصد کام کیلئے مشعل راہ بنیں۔ صدر جمہوریہ نے سینئر صحافی جی شاستری کی صد سالہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقدار پر مبنی اور آزاد صحافت کے معیارات کو گرا نہیںسکتے ۔ مملکت کے چوتھے ستون کیلئے ضروری ہے کہ وہ بہتری اور اچھائی کے راستہ پر مشعل راہ بنے ۔ دوسروں کیلئے مثال قائم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں اختلاف رائے اور عدم اتفاق ہو وہاں جذبات کا کوئی تدخل نہیں ہونا چاہئے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ گورا شاستری نے ہمیشہ ہی آزاد صحافت کی وکالت کی تھی اور انہوں نے کا فی طاقتور و بہترین ادارئے تحریر کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے ماحول میں یہ عام ہوگیا ہے کہ خبر اپنے خیالات کے تابع ہوگئی ہے ۔ اس سے خبروں کو خیالات سے الگ کرنا مشکل ہوگیا ہے ۔ اسی وجہ سے خبروں سے کوئی نتیجہ اخذ نہیں کیا جارہا ہے ۔ گوندو راما شاستری عرف گورا شاستری تلگو صحافت کی ایک مثالی شخصیت سمجھے جاتے تھے ۔
