حیدرآباد ۔ یکم جنوری ( سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن میں کل خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے والی خاتون زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ پولیس نے اس خاتون کو خودکشی پر آمادہ کرنے کے الزام میں اس کے سابق شوہر کو گرفتارکرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق 37سالہ ایس لوکیشوری متوطن چینائی ٹاملناڈو کی شادی سال 2000ء میں چینائی کے سرینواس سے ہوئی تھی اور اسے ایک بیٹی بھی ہے ۔ لوکیشوری کے شوہر نے اس سے اچانک تعلقات ترک کر کے غائب ہوگیا تھا اور 2015 میں اُس کی موت واقع ہوگئی ۔ اسی دوران سال 2012ء میں سکندرآباد کے وارثی گوڑہ سے تعلق رکھنے والے ایس پراوین کمار سے اُس کی ملاقات تروپتی میں ہوئی تھی اور 2013ء میں پراوین نے اسے بیگم پیٹ کے علاقہ بی ایس مقطع میں ایک کرایہ کے مکان میں رکھا تھا ۔ شادی کرنے کے بہانہ پراوین کمار نے اس سے تعلقات قائم کئے اور لوکیشوری کو اس کے نام کی مدد سے آدھار کارڈ بھی دلایا ۔ پولیس نے بتایا پراوین کمار بابو خان مال سوماجی گوڑہ میں جویلری شاپ چلایا کرتا تھا ۔ اس خاتون کو اس نے ملازمت پر رکھا تھا ۔ اسی طرح 2014ء میں پراوین نے لوکیشوری اور دیگر افراد کے خلاف سرقہ کی شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے شکایت کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کیا تھا ، لیکن اس معاملہ کی لوک عدالت میں یکسوئی ہوگئی ۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد سے ہی لوکیشوری چینائی منتقل ہوگئی تھی اور 27ڈسمبر کو وہ شہر واپس لوٹنے کے بعد نامپلی علاقہ میں ایک لاج میں کمرہ کرایہ پر حاصل کیا اور پراوین کمار کے خلاف پولیس اسٹیشن پنجہ گٹہ میں دھوکہ دہی کی شکایت درج کروائی اور 7,50,000 روپئے کا دھوکہ ہونے کی بات بتائی ۔ پولیس پنجہ گٹہ نے درخواست پر تحقیقات کا آغاز کیا اور اسی دوران 31ڈسمبر کو لوکیشوری نے نامپلی کے ایک پٹرول پمپ سے دو لیٹر پٹرول حاصل کیا اور اسی پٹرول سے اس نے خودسوزی کرلی ۔ خاتون کی نعش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔