حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : اقراء گروپ آف ڈاکٹرس کی جانب سے ایم ڈی میں داخلہ حاصل کرنے والے امیدواروں کے لیے اتوار 30 جولائی کو اردو مسکن خلوت میں پری کونسلنگ میٹ NEET PG-2023 کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ صبح ساڑھے نو بجے تا دوپہر 2 بجے منعقد ہورہے اس کونسلنگ سیشن کا رجسٹریشن صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شروع ہوگا ۔ ڈاکٹر محمد تنزیل منور آرتھوپیڈک سرجن و اسسٹنٹ پروفیسر عثمانیہ جنرل ہاسپٹل نے جو اقراء کے صدر بھی ہیں بتایا کہ اس کونسلنگ سیشن میں نیٹ پی جی میں داخلوں کے لیے امیدواروں کی رہنمائی کی جائے گی ۔ خاص طور پر انہیں آل اینڈ کونسلنگ ، ریاستی سطح کی کونسلنگ کے طریقہ کار سے مکمل واقف کروایا جائے گا ۔ ساتھ ہی ایم بی بی ایس کے بعد کیا ، اس پر بھی ماہر ڈاکٹرس روشنی ڈالیں گے ۔ پیانل مباحثہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس سے ایم ڈی میں داخلہ حاصل کرنے کے خواہاں امیدواروں کو کافی مدد ملے گی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ ایسے کئی والدین ہیں جو اپنے ایم بی بی ایس لڑکے لڑکیوں کے ایم ڈی میں داخلوں ، اس کے رجسٹریشن ، فیس کے ڈھانچہ اور کونسلنگ کے طریقہ کار کے بارے میں الجھن کا شکار ہیں ۔ ان کی الجھنوں کو دور کرنے اقراء کی یہ پری کونسلنگ میٹ پی جی 2023 کافی مفید ثابت ہوگی ۔ اس موقع پر نیٹ پی جی کے 10 سرفہرست طلبہ اور ریاست کے میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس ٹاپ کرنے والے ( ہر کالج کے دو طلبہ ) کو تہنیت پیش کی جائے گی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ اقراء کی یہ نیٹ پی جی کی 8 ویں کونسلنگ ہے ۔ پہلی کونسلنگ دفتر سیاست میں منعقد ہوئی تھی ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9963566269 ۔ 7808070705 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔
عرس شریف
حیدرآباد۔/27 جولائی ، ( راست ) آٹھواں عرس شریف حضرت سید شاہ محمد راجو حسینی ثانی قبلہ ؒ سجادہ نشین نہم بمقام آستانہ عالیہ بیرون فتح دروازہ مصری گنج 9 محرم الحرام مطابق 28 جولائی بروز جمعہ زیر نگرانی حضرت مولانا قاری سید شاہ ندیم اللہ حسینی سجادہ نشین و متولی آستانہ عالیہ مصری گنج میں منعقد ہے۔ بعد نماز عصر مراسم صندل مالی اور بعدنماز مغرب محفل سوز خوانی مقرر ہے۔