اقربا پروری علاقائی ترقی کی راہ میں رکاوٹ : مودی

,

   

جب خاندانی سیاست ، علاقائیت اور کرپشن کی سیاست پر حاوی ہوجائے تو ترقی ناممکن ہوجاتی ہے

گوہاٹی: وزیر اعظم نریندر مودی نے خاندانی اور علاقائیت کی پالیسی پر سخت حملہ کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ ان کی حکومت کسی ذاتی مفاد یا ووٹ بینک کی سیاست کے لیے کوئی فیصلہ نہیں کرتی ہے ، بلکہ ملک کے مفاد کو سامنے رکھ کر اور ہم وطنوں کو ذہن میں رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب خاندانی سیاست، علاقائیت، کرپشن اور عدم استحکام کی سیاست حاوی ہو جائے تو ترقی ناممکن ہو جاتی ہے ۔وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ خواتین کو بھی ان کی قیادت میں حکومت کے فلیگ شپ پروگراموں سے بہت فائدہ ہوا ہے ۔ مودی آسام کے دورے پر یہاں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر ریاست میں 3,400 کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ آسام کے گورنر گلاب چند کٹاریہ، وزیر اعلیٰ ہمانتا بشوشرما، مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ، وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پوار، کئی ریاستی حکومت کے وزراء اور دیگر معززین تقریب میں موجود تھے ۔ مودی نے کہاکہ ‘‘ہماری حکومتوں کی پالیسی، عزم اور وفاداری کا تعین کسی خود غرضی سے نہیں بلکہ ‘‘قوم پہلے ، ملک پہلے ’’ کے جذبے سے طے ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ووٹ بینک کی بجائے ملک کے عوام کی مشکلات کم کرنے پر توجہ دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج شمال مشرق کے لوگوں نے ترقی کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لے لی ہے ۔ وہ شمال مشرق کی ترقی سے ہندوستان کی ترقی کے منتر کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ملک میں صحت کی خدمات اور غریبوں کے لیے ہیلتھ انشورنس کی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کا مقصد یہ ہے کہ خواتین کو علاج کے لیے دور دراز کا سفر نہ کرنا پڑے اور غریبوں کو پیسے کی کمی کی وجہ سے اپنا علاج ملتوی نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے جو بھی اسکیمیں شروع کی ہیں ان سے خواتین کی صحت کو بہت فائدہ ہوا ہے ۔ سوچھ بھارت ابھیان نے خواتین کو بہت سی بیماریوں سے بچایا، اجولا اسکیم کے تحت فراہم کئے گئے گیس کنکشن نے خواتین کو مہلک دھوئیں سے بچایا اور مشن اندرا دھنش نے کروڑوں لوگوں کو مفت ویکسینیشن فراہم کی، جل جیون مشن نے انہیں آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچایا۔