شادی مبارک کے منظورہ چیکس کی تقسیم ، وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کا خطاب
حیدرآباد: وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت اقلیتوں اور دلتوں کی بھلائی کے اقدامات میں دیگر ریاستوں سے آگے ہے ۔ کے ایشور نے کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات کا حوالہ دیا جس کے تحت غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے حکومت کی جانب سے مدد کی جاتی ہے۔ انہوں نے غریب اور مستحق خاندانوں میں شادی مبارک اور کلیان لکشمی کے منظورہ چیکس حوالے کئے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب لڑکیوں کی شادی میں دونوں اسکیمات کا اہم رول ہے۔ عام طور پر غریب خاندانوں میں شادی بڑا مسئلہ ہے لیکن کے سی آر نے دونوں اسکیمات کے ذریعہ غریبوں کی شادیوں کو آسان بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت غریبوں کی بھلائی کی اسکیمات میں ملک میں سرفہرست ہے۔ چیف منسٹر ہر طبقہ کی ترقی اور بھلائی کے حق میں ہے اور گزشتہ 7 برسوں میں کئی منفرد اسکیمات شروع کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستیں تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کر رہی ہیں۔