اقلیتوں اور دیگر طبقات کیلئے امدادی اسکیم کی ضرورت

   

ہنمنت راؤ کا حکومت سے مطالبہ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے بات چیت کی ذمہ داری
حیدرآباد۔5۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دلت بندھو کی طرز پر اقلیتوں اور دیگر طبقات کیلئے امدادی اسکیم کا اعلان کیا جائے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ حضور آباد میں شکست کے بعد دلت خاندانوں میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری سے متعلق اندیشے پائے جاتے ہیں۔ کے سی آر نے دلتوں کو خوش کرنے کیلئے حضور آباد سے پائلٹ پراجکٹ کے طورپر دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ شکست کے بعد حکومت کو اسکیم کے بارے میں تساہل کے بجائے وعدہ کی تکمیل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے تعاون حاصل کرتے ہوئے تمام انتخابی وعدوں کی تکمیل پر توجہ دی جائے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ حضور آباد کی شکست سے کے سی آر کو سبق لینا چاہئے ۔ جس گاؤں میں دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا، اس گاؤں میں بی جے پی کو اکثریت حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دراصل عوام انتخابی وعدوں پر بھروسہ کرنے تیار نہیں ہے۔ چیف منسٹر کو انتحابی وعدوں کی تکمیل کیلئے پرگتی بھون میں اپوزیشن کا اجلاس طلب کرنا چاہئے۔ سابق میں چیف منسٹرس کی طرح کے سی آر کو بھی عوام سے ملاقات کرنی ہوگی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ اگر عوامی وعدوں کو فراموش کردیا گیا تو 2023 ء میں ٹی آر ایس کی شکست یقینی ہوجائے گی۔ انہوں نے ایٹالہ راجندر کو مشورہ دیا کہ وہ کسانوں کی جدوجہد کی تائید کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال نومبر سے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ پولیس کی تحویل میں ہے، اسے فوری نصب کیا جائے۔ ہنمنت راؤ نے ریاست بھر میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں ہنمنت راؤ نے بتایا کہ ناراض رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے بات چیت کی انہیں ذمہ داری دی گئی ہے۔ وہ وینکٹ ریڈی سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی سرگرمیوں میں متحرک کریں گے۔ ر