ووٹرس کا زندگی بھر احسان مند رہوں گا، ایک بچہ کو میدان میں اُتارا گیا : ایٹالہ راجندر
حیدرآباد۔/3 نومبر، ( سیاست نیوز) حضورآباد ضمنی الیکشن میں منتخب بی جے پی قائد ایٹالہ راجندر نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ان کے حلقہ میں وعدہ کے مطابق دلت بندھو اسکیم پر عمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ بی سی، اقلیت اور ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے غریب خاندانوں کیلئے دلت بندھو طرز کی امدادی اسکیم پر عمل کیا جائے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ٹی آر ایس نے حضورآباد میں دلت بندھو اسکیم کو پائلٹ پراجکٹ کے طور پر شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ بی سی، اقلیت اور ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے معاشی طور پر پسماندہ خاندانوں کیلئے دلت بندھو طرز کی اسکیم کا وعدہ کیا گیا۔ اب جبکہ انتخابی مرحلہ ختم ہوچکا ہے حکومت کو چاہیئے کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد میں دلت بندھو اسکیم کیلئے جن خاندانوں کا انتخاب کیا گیا ان کیلئے امدادی رقم جاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے حکومت نے امداد کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ بے روزگار نوجوانوں کیلئے 3116 روپئے الاؤنس کا وعدہ بھی آج تک پورا نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے اعلامیہ کی اجرائی اور کسانوں سے دھان کی خریدی کا مطالبہ کیا۔ راجندر نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے انہیں شکست دینے کی مختلف سازشوں کے باوجود حضورآباد کے رائے دہندوں نے انہیں اپنے دل میں جگہ دی ہے۔ وہ رائے دہندوں کا یہ احسان کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔ راجندر نے جذباتی انداز میں کہا کہ اگر میں اپنی جِلد سے رائے دہندوں کیلئے جوتے اور چپل بھی بناؤں تب بھی ان کا احسان ادا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو حلقہ کے عوام کی خدمات کیلئے وقف کردیں گے۔عوام نے انصاف اور اصولوں کی تائید کرتے ہوئے ناانصافی کو شکست دی ہے اور میں اس احسان کا بدلہ کئی جنم بھی ادا نہیں کرپاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے طور پر ٹی آر ایس سے باہر نہیں آئے بلکہ انہیں الزامات عائد کرتے ہوئے پارٹی سے باہر کیا گیا اور کانگریس اور بی جے پی نے انہیں سہارا دیا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے بطور خاص اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ شکست سے دوچار کرنے کیلئے رائے دہندوں کو ہراساں کیا گیا لیکن رائے دہندوں نے بے خوف ووٹنگ میں حصہ لیا۔ راجندر نے کہا کہ بی جے پی کو ووٹ دینے پر پنشن سے محرومی کی دھمکی دی گئی، دلت بندھو اسکیم روکنے کی بات کہی گئی لیکن اس کا رائے دہندوں پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حضورآباد سے کے سی آر اور ہریش راؤ کو مقابلہ کا چیلنج کرچکے تھے لیکن ان کے آگے ایک بچہ کو میدان میں اُتارا گیا۔ر