اقلیتوں اور دیگر طبقات کی بھلائی کیلئے حکومت پابند

   

عیسائیوں کو یروشلم دورہ کیلئے رعایت پر غور، عیسائی نمائندوں کی ونود کمار سے ملاقات
حیدرآباد ۔2 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے کہا کہ حکومت تمام طبقات کی بھلائی اور ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں میں تمام طبقات بشمول اقلیتوں کیلئے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا۔ یونائٹیڈ کرسمس سلیبریشن کمیٹی کے نمائندوں نے آج ونود کمار سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ عیسائی تنظیموں کے نمائندوں نے ونود کمار سے اپیل کی کہ یروشلم کے دورہ کے سلسلہ میں عیسائیوں کو حکومت کی جانب سے رعایتوں کا اعلان کیا جائے۔ ونود کمار نے اس مسئلہ کو چیف منسٹر کے سی آر سے رجوع کرنے کا تیقن دیا۔ حکومت کی جانب سے رعایت دیئے جانے کی صورت میں کم خرچ میں عیسائی یروشلم کا دورہ کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام طبقات خوش و خرم اور پرامن ماحول میں زندگی بسر کریں۔ حکومت ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں غریب طبقات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور ناخواندگی کے خاتمہ کیلئے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کے لئے اقامتی اسکولس قائم کئے گئے ہیں جہاں مفت میں معیاری تعلیم دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقامتی اسکولس خانگی اور کارپوریٹ شعبہ کے اداروں کی طرح معیاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی اور برقی کے شعبہ میں تلنگانہ ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے مثال بن چکی ہے ۔ یونائٹیڈ کرسمس سلیبریشن کمیٹی کے زیر اہتمام 18 ڈسمبر کو سکندرآباد میں کرسمس تقاریب کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ ونود کمار کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیا۔ عیسائی تنظیموں کے نمائندوں نے حکومت کی جانب سے عیسائی قبرستانوں کیلئے 68.32 ایکر اراضی مختص کرنے پر حکومت سے اظہار تشکر کیا۔ کمیٹی کے صدرنشین ڈاکٹر ودیا شراونتی ، نائب صدرنشین جی ڈی ارونا کے علاوہ یسوداس ، ٹی جان ، رابرک سوریا پرکاش اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔