لندن: ہندوستانی وزیر خارجہ کے اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک کے الزامات کو جھوٹا قرار دینے پر برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے اپنی خصوصی رپورٹ میں مودی حکومت کو بے نقاب کردیا۔برطانوی اخبار ٹیلی گراف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اقلیتوں پر ہونے والے امتیازی سلوک کے سوال پر دعویٰ کیا تھا کہ ہندوستان میں ایسا ایک بھی واقعہ ہوا تو بتائیں۔وزیر خارجہ نے اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے الزام کو صحافیوں کے سامنے یکسر مسترد تو کردیا لیکن وہ بھول گئے انھوں نے یہ دعویٰ مودی حکومت کے آگے بچھی ہندوستانی میڈیا نہیں بلکہ عالمی میڈیا کے سامنے کردیا ہے جو آزاد بھی ہے اور اصول صحافت سے واقف بھی ہے۔برطانوی اخبار نے ہندوستانی وزیر خارجہ کے اس بیان کا پوسٹ مارٹم کردیا اور مودی سرکار میں اقلیتوں پر ڈھائے گئے مظالم اور امتیازی سلوک کی طویل داستان شواہد کے ساتھ پیش کردی۔ٹیلی گراف نے کہا کہ حال ہی میں 22 ستمبر 2023 کو وزیر رمیش بدھوڑی نے پارلیمنٹ میں مسلم رکن دانش علی کو مسلمان ہونے پر مغلظات بکیں اور دھمکیاں دیں جس پر وہاں موجود اسپیکر اور خود مودی بھی خاموش بت بنے رہے۔ برطانوی اخبار نے مزید لکھا کہ رمیش بدھوڑی سے جواب طلب کرنے کے بجائے مودی حکومت نے الٹا مسلم رکن اسمبلی دانش علی کو سزا کے طور پر راجستھان کے دور دراز اور خطرناک علاقے میں الیکشن کی ڈیوٹی کے لیے بھیج دیا۔