نئی دہلی 9 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ہندوستان میں اقلیتوں سے روا رکھے جانے والے سلوک سے متعلق جو ریمارکس کئے ہیں وہ تمام ہندوستانیوں کی زبردست توہین ہیں۔ ہندوستان نے پاکستان سے کہا کہ وہ اپنے داخلی چیلنجس پر توجہ دے نہ کہ ان سے توجہ ہٹائے ۔ عمران خان کا پاکستانی میڈیا میں پاکستانی صوبہ پنجاب میں یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ ان کی حکومت پاکستان میں اقلیتوں سے وہ سلوک کرنے کی اجازت نہیں دے گی جو ہندوستان میں روا رکھا جا رہا ہے ۔ خان کے ریمارکس پر سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ عمران خان کے ریمارکس ہندوستان کے تمام شہریوں کی زبردست توہین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے ایک بار پھر یہ ظاہر کردیا ہے کہ وہ ہندستان کی سکیولر سیاست اور اقدار سے واقفیت نہیں رکھتے ۔ وزیر اعظم پاکستان نے اس حقیقت کو نظر انداز کردیا کہ ہندوستان میں تمام عقائد کا احترام کیا جاتا ہے اور سب مل کر جمہوری سیاست میں یقین رکھتے ہیں۔ یہاں دستور ہند کو مقدم رکھتے ہوئے پیشرفت کی جاتی ہے ۔