اقلیتوں نے نفرت انگیز پارٹی کیلئے جنوبی ہند کا دروازہ بند کردیا: ڈی کے شیواکمار

   

ملک میں تبدیلی کی لہر، بنگلور میں ’’حسین ڈے‘‘ سے ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز)کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیواکمار نے کہا کہ اقلیتوں نے کرناٹک میں کانگریس کی تائید کرتے ہوئے نفرت انگیز پارٹی کا دروازہ جنوبی ہند میں بند کردیا ہے۔ ڈی کے شیواکمار بنگلور میں ’’حسین ڈے‘‘ تقاریب سے خطاب کررہے تھے جس میں سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، آچاریہ پرمود کرشنن، سابق وزیر روشن بیگ، وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی پروفیسر عین الحسن اور دوسروں نے شرکت کی۔ ڈی کے شیوا کمار نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے کرناٹک میں کانگریس کی حمایت کی ہے۔ کرناٹک میں سدا رامیا زیر قیادت کانگریس حکومت کے 100 دن مکمل ہوچکے ہیں اور بقول شیواکمار حکومت نے تمام طبقات بالخصوص اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی تائید سے جنوبی ہند میں نفرت انگیز پارٹی کے لیے دروازہ بند ہوچکا ہے اور ملک میں تبدیلی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ حکومت کے 100 دن کی تکمیل پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈی کے شیواکمار نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کرناٹک میں اقلیتوں کے تحفظ کے علاوہ امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا ماحول پیدا کیا ہے۔ کرناٹک کی حکومت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات کے لیے امن اور بھائی چارہ حکومت کی اولین ترجیح رہے گی تاکہ ہر کوئی خوش حال زندگی بسر کرسکتے۔ میں اقلیتوں کو بھروسہ دلاتا ہوں کہ حکومت ان کے تحفظ کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات متحدہ طور پر کام کرتے ہوئے ترقی اور کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ ملک میں تبدیلی کی امید ظاہر کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک نے کہا کہ کرناٹک کے عوام نے سارے ملک کو پیام دیا ہے کہ دستور اور بھائی چارے کے تحفظ کے لیے تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے پرامن اور جمہوری انداز میں آزادی کی لڑائی لڑی تھی۔ ڈی کے شیواکمار نے کہا کہ ان کی حکومت کرناٹک کو نفرت سے بچائے گی اور امن امان کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد انڈیا کی شروعات کا کرناٹک سے آغاز ہوا تھا اور انہیں امید ہے کہ یہ اتحاد ملک میں کامیابی حاصل کرے گا۔ ڈی کے شیواکمار نے اقلیتوں کو بھروسہ دلایا کہ وہ مسائل کے حل کیلئیہمیشہ تیار رہیں گے۔