اقلیتوں و غریبوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے ملک میں SIR مہم: ریونت ریڈی

   

Ferty9 Clinic

راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانا وقت کی اہم ضرورت، مجالس مقامی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی کیلئے جدوجہد کا مشورہ، گاندھی بھون میں پی سی سی عاملہ سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ ملگ ضلع میں کانگریس پارٹی کے جلسہ عام میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 3 فروری سے پارٹی کی جانب سے 9 اضلاع میں عام جلسوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کانگریس قائدین اور کارکنوں پر ذمہ دار عائد کی کہ مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر آج گاندھی بھون میں پردیش کانگریس کمیٹی کے توسیعی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے صدارت کی۔ اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء اور سینئر قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حالیہ گرام پنچایت چناؤ میں کانگریس پارٹی کو 66 فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ بلدی انتخابات میں بھی کانگریس پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے مجھے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کیا ہے ، لہذا میں پارٹی کی کامیابی کیلئے گھر گھر مہم چلانے کیلئے تیار ہیں۔ منریگا اسکیم کی برخواستگی اور نئی اسکیم متعارف کرنے پر مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کی 140 کروڑ آبادی میں 80 فیصد عوام منریگا اسکیم کے استفادہ کنندگان میں شامل تھے۔ کانگریس حکومت نے دیہی ضمانت روزگار اسکیم کا آغاز کیا تھا ۔ مودی حکومت نے غریبوں کو اسکیم سے محروم کرنے کیلئے نئی اسکیم متعارف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 لوک سبھا انتخابات میں 400 نشستوں کے حصول کے ذریعہ بی جے پی نے دستور تبدیل کرنے کی سازش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے ملک گیر سطح پر دورہ کرتے ہوئے عوام کو باخبر کیا تھا۔ کانگریس پارٹی نے عوامی شعبہ کے اداروں کو اڈانی اور امبانی کے حوالے کرنے کی کوششوں کو بھی ناکام بنایا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ منر یگا اسکیم سے غریبوں کی عزت نفس میں اضافہ ہوا۔ تلگو ریاستوں سے اسکیم کا نہ صرف آغاز ہوا بلکہ موثر عمل آوری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نئی اسکیم کے تحت امبانی اور اڈانی کو کم تنخواہوں پر ورکرس کی خدمات حاصل کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی اسکیم کے نام میں الجھن پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منریگا اسکیم کی بحالی تک ملک گیر سطح پر جد وجہد جاری رہے گی۔ اس مسئلہ پر ہم نریندر مودی کو عوام سے معذرت خواہی کیلئے مجبور کریں گے۔ ریاستی اسمبلی میں مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خ لاف قرار داد منظور کی جاچکی ہیں۔ تلنگانہ کے ارکان پارلیمنٹ بجٹ سیشن کے پہلے دن پارلیمنٹ میں احتجاج کریں گے ۔ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ 20 تا 30 جنوری دیہاتوں میں گرام سبھاؤں کا انعقاد عمل میں لائیں اور نئی اسکیم کے خلاف قرار داد منظور کریں۔ ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے حلقہ جات کے اجلاسوں میں شرکت کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ ریاستی وزراء بھی اس سلسلہ میں اہم رول ادا کریں گے۔ ہر منڈل اور بلاک کی سطح پر انچارج کا تقرر کرتے ہوئے احتجاجی پروگرام کئے جائیں گے۔ فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم SIR کے لئے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ غریبوں اور اقلیتوں کے ناموں کو حذف کرتے ہوئے حق رائے دہی سے محروم کرنے کیلئے یہ مہم شروع کی گئی ہے۔ SIR کا مقصد فہرست رائے دہندگان کو بہتر بنانا نہیں ہے بلکہ غریبوں کے نام فہرست سے خارج کرنا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر غریب ووٹ کے حق سے محروم ہوگا تو وہ راشن کارڈس ، آدھار کارڈ اور فلاحی اسکیمات سے محروم ہوجائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مودی حکومت اس بات کا اختیار حاصل کرنا چاہتی ہے کہ کون ملک میں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ SIR کے پس پردہ گہری سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ہمیشہ کانگریس پارٹی کے ساتھ رہی ہے۔ ہر مشکل وقت میں تلنگانہ نے کانگریس پارٹی کا ساتھ دیا ہے۔ موجودہ حالات میں راہول گاندھی کو وزیراعظم کے عہدہ پر فائز کرنے کیلئے ہر کسی کو جدوجہد کرنی چاہئے ۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے عہد لیا کہ وہ نریندر مودی کو شکست دینے اور راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کیلئے مساعی جاری رکھیں گے۔1