اقلیتوں پر مظالم کے خلاف چارمینار کے قریب سی پی ایم کا دھرنا

   

حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی ایم کی جانب سے ملک بھر میں آج احتجاج منظم کرتے ہوئے اقلیتوں کے خلاف انتہا پسندانہ حملوں کی مذمت کی گئی۔ پارٹی نے ملک گیر سطح پر احتجاج منظم کیا جس میں مسلم اور عیسائی اقلیتوں پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ پارٹی نے مذہب کے نام پر سیاست اور فرقہ وارانہ فسادات کے علاوہ اقلیتوں کو انتہا پسند حملوں کا نشانہ بنانے کے خلاف ملک گیر سطح پر شعور بیداری کا آغاز کیا ہے۔ پارٹی کی اپیل پر تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں دھرنا منظم کیا گیا۔ حیدرآباد کے پرانے شہر میں چارمینار کے قریب سی پی ایم حیدرآباد ساؤتھ کمیٹی کی جانب سے دھرنا منظم کیا گیا۔ پارٹی کے سٹی سکریٹریٹ رکن عبدالستار نے دھرنے کی قیادت کی۔ انہوں نے کہاکہ 2014 میں مرکز میں بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد سے اقلیتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ملک بھر میں اقلیتوں میں خوف کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے پاس دستور اور قانون کا کوئی پاس و لحاظ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرازم اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کیلئے فرقہ پرست طاقتیں سرگرم ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ملک میں دستور اور قانون کی حکمرانی کیلئے فرقہ پرستوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ دھرنے میں سی پی ایم قائدین عبداللطیف، بابر خاں، محمد جہانگیر، محمد فہیم، شیخ یعقوب اور دوسروں نے حصہ لیا۔ر