اقلیتوں کو ایک لاکھ روپئے کی امدادی اسکیم محض ایک دھوکہ

   

انتخابی فائدہ کے لیے اعلان، سابق وزیر محمد علی شبیر کا اعلان
حیدرآباد ۔24۔ جولائی (سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس حکومت میناریٹی بندھو اسکیم کے نام پر مسلمانوں کو دھوکہ دینے کی تیاری کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کی مجوزہ مینارٹیز بندھو اسکیم محض ایک دھوکہ ہے تاکہ اقلیتوں کے غریب اور بیروزگار نوجوان کو گمراہ کیا جائے ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے گزشتہ 9 برسوں میں بیروزگار نوجوانوں کی بھلائی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ 2015-16 ء میں 1.53 لاکھ بیروزگار نوجوانوں نے اقلیتی فینانس کارپوریشن میں قرض کے لئے درخواستیں داخل کی لیکن ان درخواستوں کو کالعدم کرتے ہوئے 7 برسوں میںنئی درخواستیں قبول نہیں کی گئیں۔ حالیہ عرصہ میں 2.20 لاکھ بیروزگار نوجوانوں نے کارپوریشن میں درخواست داخل کی لیکن یہ درخواستیں یکسوئی کی منتظر ہیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر تاخیر کی پالیسی کے ذریعہ مسلمانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ ابتداء میں 50 کروڑ مختص کئے گئے اور کانگریس کے احتجاج کے بعد مزید 70 کروڑ جاری کئے گئے۔ حکومت کا یہ بجٹ تمام درخواست گزاروں کیلئے ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر میناریٹی بندھو اسکیم کے تحت اقلیتوں کو صد فیصد سبسیڈی پر ایک لاکھ روپئے کی مالی امداد کا اعلان کرچکے ہیں۔ حکومت کے اس اعلان میں کوئی وضاحت نہیں ہے۔ انتخابات کے پیش نظر سیاسی فائدہ کیلئے اس طرح کے اعلانات چیف منسٹر کی عادت ہے ۔ اقلیتوں کو گزشتہ 9 برسوں میں قرض سے محروم رکھا گیا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی اجرائی کے بعد بی آر ایس اور مجلس کو ووٹ دینے پر رقم جاری کرنے کا وعدہ کیا جائے گا ۔ 2004 تا 2014 ء کانگریس دورحکومت میں اقلیتی بہبود کے بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ اس مدت کے دوران بجٹ میں مجموعی طور پر 3.15 گنا اضافہ ہوا۔ بجٹ 51142 کروڑ سے بڑھ کر 161348 کروڑ پہنچ گیا۔کانگریس نے اقلیتی بجٹ کو 39.03 کروڑ سے بڑھاکر 1027 کروڑ تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے اقلیتی بجٹ میں محض 2.89 گنا اضافہ کیا ہے۔ 290396 کروڑ کے بجٹ میں اقلیتوں کے لئے محض 2200 کروڑ مختص کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی بہبود کی کئی اسکیمات پر عمل آوری ٹھپ ہوچکی ہے ۔ محمد علی شبیر نے عوام بالخصوص اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کے جھوٹے وعدوں اور تیقنات کا شکار نہ ہوں۔