ورنگل کے سماجی خدمت گذار سید مصباح الدین کا اظہار خیال، جناب زاہد علی خاں اور جناب عامر علی خاں کو تہنیت کی پیشکشی
ورنگل۔/20 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) روز نامہ ’سیاست‘ کی سیاسی، سماجی، فلاحی ، ادبی اور مذہبی خدمات قابل تحسین ہیں۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر و ایم ایل سی نے اقلیتوں کے ساتھ ساتھ دیگر ابنائے وطن کی ترقی کیلئے جو دوراندیشی سے اقدامات اُٹھائے ہیں آج اس کے ثمرآور نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جناب سید مصباح الدین تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسر اسوسی ایشن کے نائب صدر نے آج دفتر ’سیاست‘ میں جناب زاہد علی خاں اور عامر علی خاں سے ملاقات کرنے کے بعد کیا۔ روز نامہ سیاست کے 76 سال کی کامیاب کارگذاری پر دلی مبارکباد اور جنگاؤں میں حالیہ اقلیتوں کے اجلاس عام کی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ جناب مصباح الدین نے کہا کہ موجودہ دورمیں اقلیتوں کے مسائل پر کسی بھی جماعت کی جانب سے ٹھوس نمائندگی نہیں ہورہی ہے، ایسے میں ’ سیاست‘ کے ذمہ دارجناب عامر علی خاں نے ریاست کے تمام اقلیتوں کو متحدکرنے کا جوبیڑہ اُٹھایا ہے وہ قابل رشک ہے۔ جناب مصباح الدین نے جناب زاہد علی خاں اور جناب عامر علی خاں کو تہنیت پیش کی اور کہا کہ روز نامہ ’سیاست‘ کی فلاحی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ ہر طبقہ کے ساتھ ’سیاست‘ نے انصاف کیا ہے اور خصوصاً اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی پر آواز اُٹھائی ہے۔ موجودہ حکومت اقلیتوں کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے ۔ مصباح الدین نے جناب عامر علی خاں سے خواہش کی ہے کہ وہ اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ہر ضلع میں اقلیتوں کے جلسے منعقد کریں اور خصوصاً ورنگل میں اقلیتوں کا اجلاس عام منعقد کیا جائے تاکہ یہاں کے مسائل کی یکسوئی آسانی سے ہوسکے۔