ریاستی حکومت کی جانب سے احکامات کی اجرائی
حیدرآباد۔/17ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے اقلیتوں کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کرتے ہوئے تعلیم ، ملازمت اور دیگر اغراض کیلئے میناریٹی اسٹیٹس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ ریاست کی اقلیتوں بشمول مسلمان، سکھ، عیسائی، جین اور بودھ فرقہ کے افراد کو میناریٹی اسٹیٹس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے۔ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار تحصیلدار کو دیا گیا ۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے اس سلسلہ میں درخواست فارم کا نمونہ اور سرٹیفکیٹ نمونہ بھی جاری کیا۔ میناریٹی اسٹیٹس سرٹیفکیٹ کیلئے درخواست گذار کو تحصیلدار سے جاری کردہ انٹگریٹیڈ کمیونٹی سرٹیفکیٹ ؍ کاسٹ سرٹیفکیٹ جو سابق میں جاری کیا گیا اس کے تحت او سی، بی سی ای ، بی سی سی اور بی سی بی کی نشاندہی کی جائے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی توجہ دہانی پر ریوینیو ڈپارٹمنٹ نے جی او آر ٹی 323 جاری کیا۔ اقلیتوں کو انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، میڈیسن ، انجینئرنگ اور دیگر کورسیس میں داخلے کیلئے میناریٹی اسٹیٹس سرٹیفکیٹ لازمی ہے جس کے حصول میں دشواریوں کا سامنا تھا۔ سید عمر جلیل نے اس سلسلہ میں ریوینیو ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری نوین متل کی توجہ مبذول کرائی تھی۔ ضلع کلکٹر کو جی او پر عمل آوری کے اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ اقلیتی طبقہ کے افراد میناریٹی اسٹیٹس سرٹیفکیٹ کیلئے تحصیلدار سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے ایس ایس سی ٹی سی، رینک کارڈ، آدھار کارڈ اور دیگر تفصیلات پیش کرنی ہوں گی۔