سری نگر : جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ہماری جماعت دفعہ370کے کیس میں سپریم کورٹ میں مدعی ہے ، ہمارے ممبران پارلیمان نے 5اگست2019کے یکطرفہ ، غیر جمہوری اور غیر آئینی فیصلوں کیخلاف عرضی دائر کی ہے ۔ ہم سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ اس نے اس کیس کی سماعت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ، ہمیں معلوم ہے کہ فیصلہ راتوں رات نہیں آئے گا لیکن ہم بڑھ چڑھ کر اس کیس کو لڑنے میں شامل رہیں گے اور جموں و کشمیر کے عوام کیلئے انصاف حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے ۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے بڈگام میں ایک تقریب کے حاشئے پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر حکومت کو بے گھروں کو زمینیں فراہم کرنے سے پہلے اس بات کی وضاحت کرنی چاہئے کہ وہ کن لوگوں کو بے گھروں میں گن رہی ہے ؟۔کیا وہ ان لوگوں کو بھی یہاں زمینیں فراہم کرنے جارہے ہیں جو 2019کے بعد یہاں آئے ہیں کیونکہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت یہاں بہت سارے لوگوں کو بسانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔